لاہور : حکومت کیخلاف عدم اعتماد پر فیصلہ کن مشاورت کیلئے اپوزیشن رہنماؤں کی بڑی بیٹھک جاری ہے، جس میں اہم فیصلوں کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت گرانے کیلئے اپوزیشن کی سر توڑ کوششیں جاری ہے اور لاہور سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے ظہرانہ میں شرکت کیلئے سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پہنچ گئے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات جاری ہے ، ملاقات میں بلاول بھٹو، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف ، مولانا اسعد محمود، اکرم درانی اوررخسانہ بنگش شریک ہیں جبکہ لیگی رہنما ایازصادق،سعدرفیق،راناثنااللہ اور مریم اورنگزیب بھی موجود ہیں۔
ملاقات میں تحریک عدم اعتماد اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوگی اور حکومت مخالف تحریک کو حتمی شکل دی جائے گی۔
مشترکہ بیٹھک سے قبل مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کی ملاقات ہوئی ، جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ن لیگ اور جے یوآئی حکومت مخالف تحریک کےاہم نکات پی پی کےسامنے رکھے گی، تحریک عدم اعتماد لانے کی تاریخ پر ن لیگ پیپلز پارٹی میں اختلافات ہیں۔
خیال رہے پیپلز پارٹی ، ن لیگ ،جے یو آئی قیادت میں گزشتہ رات ملاقات بےنتیجہ رہی تھی اور تحریکِ عدم اعتماد پراتفاق نہ ہوسکا تھا۔