لاہور : سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کا وقت قریب ہے جس کے لیے پیپلزپارٹی کی تیاریاں مکمل ہیں اور ’’آر اوز ‘‘ کے بل پر کامیابی حاصل کرنے والوں کو اس بار پتہ چل جائے گا کہ الیکشن کہتے کسے ہیں۔
آصف علی زرداری سینئر پارٹی رہنما عزیز الرحمان چن کی رہائش گاہ آئے تھے جہاں انہوں نے کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی دفعہ ہم پر ہتھکڑیاں لگی ہوئی تھیں لیکن اس دفعہ کوئی ہتھکڑی نہیں ہیں اور کارکنان کی حوصلہ افزائی کے لیے اس بار میرے ساتھ بلاول بھی میدان میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کارکنوں کا ولولہ اور جوش و خروش دیکھ کر پتہ لگتا ہے کہ پیپلزپارٹی اور کارکن اب دوبارہ مقابلے کے لیے تیار ہیں اور ہم سب ساتھ نکل کرمیدان میں مقابلہ کریں گے اور آر اوز کے بل الیکشن جیتنے والوں کو پتہ چل جائے گا کہ الیکشن کس اکھاڑے کا نام ہے۔
آصف زردای نے کہا کہ ماضی تمام الیکشن کا ریکارڈ اُٹھا کر دیکھ لیں پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب سے کبھی بھی شکست نہیں کھائی ہے البتہ آر او کے الیکشن سے تلخ تجربات وابستہ ہیں اور اب بھی یہ خدشہ اپنی جگہ موجود ہے لیکن اس کے باوجود ہم نے اِن کا مقابلہ کرنا ہے اور شکست فاش دینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے پاس پیپلزپارٹی کا ایک وفد بھیجیں گے جو مذاکرات کرے گا کہ کس طرح پورے پاکستان بالخصوص پنجاب اور شہر لاہورمیں صاف اور شفاف الیکشن منعقد کرسکیں گے۔
سابق صدر نے کہا کہ آج شہیدوں کی بہنیں یہاں موجود ہیں میں نے وہ دن بھی دیکھے کہ جب بی بی آیا کرتی تھیں تو پورا لاہور بند ہو جایا کرتا تھا اور اب بھی ایسا ہی ہو گا جب ہم نکلیں گے تو پورا لاہور بند ہو گا۔