کراچی/لاہور : آصف زرداری نے سندھ حکومت کو محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون شکن عناصر سے کوئی رعایت نہ کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے محرم الحرام کے دوران امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سندھ حکومت کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران شر پسندوں پر کڑی نظر رکھی جائے، فتنہ کا باعث بننے والے عناصر کو گرفت میں لایا جائے۔
سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ امن بحال رکھنے کے لئے اداروں کو حرکت میں لایا جائے، قانون شکن عناصر سے کوئی رعایت نہ کی جائے، مذہبی اور عبادت کی آزادی کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے۔
محرم الحرام کے دوران لاہور میں دفعہ 144 نافذ
دوسری جانب لاہور کے ڈی نے محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی پلان کے حوالے سے پولیس افسران سے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران ڈی سی نے محرم الحرام میں شہری میں سخت حفاظتی انتظامات کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
رواں برس محرم الحرام کے دوران لاہور شہر میں دفعہ 144 نافذ رہے گی۔
خیال رہے کہ محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 10 ستمبر کو ہوگا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر کے روز محرم الحرام کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔