نیویارک : عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کا منصب سنبھال لیا اور یو این منشور، کثیرالجہتی سفارتکاری کیلئے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کامنصب سنبھال لیا، انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو اپنی اسناد پیش کیں۔
جس کے بعد سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عاصم افتخار کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
عاصم افتخار نے یو این منشور، کثیرالجہتی سفارتکاری کیلئے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا، انھوں نے منیر اکرم کی مدت پوری ہونے پر پاکستان کے مستقل مندوب کا منصب سنبھالا ہے۔
دوسری جانب نیویارک میں پاکستانی مندوب منیر اکرم کے اعزاز میں الوداعی تقریب اہتمام کیا گیا۔
اےآر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے تحت تقریب میں اقوام متحدہ میں نئے پاکستانی مندوب بھی شریک ہوئے جبکہ امریکا میں مقیم پاکستانی صحافیوں کیساتھ نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں منیراکرم کو پاکستان کیلئے کئی دہائیوں پر مبنی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے عاصم افتخار کیلئے پاکستانی مندوب کا منصب سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا، تقریب میں ڈی پی آر عثمان جدون اور قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی بھی موجود تھے۔