کراچی: مسلم لیگ ن کی حکومت نے جاتے جاتے ایک اور کارنامہ انجام دیتے ہوئے چیئرمین پی آئی اے کی خلاف ضابطہ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک اہم شخصیت کی سفارش پر عاصم سلیمان کو خسارے کا شکار پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا چیئرمین تعینات کیا گیا ہے، جس کے لیے بورڈ سے منظوری نہیں لی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق چیئرمین پی آئی اے کے لیے لازمی ہے کہ پہلے وہ بورڈ کا ممبر بنے، بورڈ ممبر بننے کے بعد بورڈ اراکین چیئرمین کا انتخاب کرتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی آئی اے کی تعیناتی کے لیے اشتہار بھی نہیں دیا گیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت خاموشی سے تعیناتی کرنا چاہتی تھی۔
ذرائع کے مطابق عاصم سلیمان سول ایوی ایشن اتھارٹی میں بھی ڈائریکٹر جنرل رہ چکے ہیں، ان کے رویے کے خلاف ڈائریکٹرز، افسران اور یونین نے تحریک بھی چلائی تھی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ائیرمارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان عہدے سے برطرف
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کسی بھی ادارے میں نئی بھرتی پر پابندی لگا رکھی ہے، انتخابات سے قبل کوئی بھی افسر کسی بھی اہم عہدے پر تعینات نہیں ہو سکتا۔
یاد رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ائیرمارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان کو دو مارچ کو ملازمین کے دو ماہ کے طویل احتجاج کے بعد عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔