اسلام آباد: تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش کئے جانے سے قبل حکومت کو بڑا دھچکا ملا ہے، جہاں آزاد رکن اسلم بھوتانی بھی ساتھ چھوڑ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آزاد رکن اسلم بھوتانی کا بھی حکومت سے علیحدگی کا امکان ہے، لسبیلہ گوادر سے منتخب آزاد رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی کے اپوزیشن سے تمام معاملات طے پاچکے ہیں اور وہ اپوزیشن کا حصہ بنیں گے۔
وہ اس سے قبل دو ہزار دو میں بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اور دو ہزار آٹھ میں اسپیکر بھی رہ چکے ہیں، وہ بلوچستان کے سابق نگراں وزیراعلیٰ محمد صالح بھوتانی کے چھوٹے بھائی ہیں۔
یہ مسلسل دوسرا روز ہے جب بلوچستان سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کیا، گذشتہ روز شاہ زین بگٹی نے بھی وفاقی کابینہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت سے علیحدگی کے اعلان کے بعد شاہ زین بگٹی نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کوبھجوادیا
شاہ زین بگٹی جمہوری وطن پارٹی کی ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور انہیں وزیراعظم عمران خان کا معاون خصوصی برائے بلوچستان مقرر کیا گیا تھا۔
شاہ زین بگٹی نے وفاقی کابینہ سے علیحدہ ہونے کے بعد وفاقی حکومت پر بڑے الزامات عائد کئے تھے۔