سینئر اداکارہ اسما عباس نے اپنی صحت سے متعلق وضاحت دی ہے کہ تھوڑی سی الرجی ہوئی تھی چہرہ جلا نہیں تھا۔
اسما عباس نے یوٹیوب پر نئی مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنی صحت اور میک اپ پروسیجر کروانے کے بعد الرجی کا شکار ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر اپنے بارے میں پھیلنے والی افواہوں سے متعلق بات کی۔
اداکارہ نے ان مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے ان کی پہلی ویڈیو کے بعد پریشانی میں ان سے ان کی طبیعت کا پوچھا۔
انہوں نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ مداح ان سے محبت کرتے ہیں لیکن ان کی بات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا اور کہا اور لکھا جانے لگا کہ اسما عباس کا چہرہ جل گیا۔
یہ پڑھیں: اسما عباس کو اسکن ٹریٹمنٹ کروانا مہنگا پڑ گیا، چہرہ شدید متاثر
اداکارہ کے مطابق بہت ساری خواتین چہرے کی خوبصورتی کے لیے بہت سارے پراسیجرز کرواتی رہتی ہیں، کبھی کبھار کچھ غلط بھی ہوجاتا ہے، کسی کے ساتھ کبھی تھوڑا سا مسئلہ بھی ہوجاتا ہے اور ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا، البتہ ان کے ساتھ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہوا۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے جھائیاں ختم کرانے کے لیے چہرے پر ایک ماسک لگایا تھا جو کہ عام طور پر نوجوان لڑکیاں لگاتی ہیں لیکن لڑکیوں کے برعکس انہیں الرجی ہوگئی۔
اسما عباس نے واضح کیا کہ انہیں تھوڑی سی الرجی ہوئی تھی، ان کا چہرہ جلا، نہ کوئی اور مسئلہ ہوا، لوگوں نے بات کا بتنگڑ بنایا۔