اسلام آباد: سپریم کورٹ بارنے مری میں لڑکی کو غیرت کے نام پرجلاکرہلاک کرنے کے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی قائم کر دی ہے جس کی سربراہی عاصمہ جہانگیرکریں گی۔
سپریم کورٹ بار نے اپنے حالیہ اجلاس میں اس صورت حال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غیرت کے نام پر قتل کی وارداتوں میں خطر ناک حد تک تیزی اور اضافے کو ملک کے نظام انصاف کی ناکامی قراردیا۔
سپریم کورٹ بارکے صدرعلی ظفر نے اس ضمن میں بار کی جانب سے انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی سینئیر وکیل عاصمہ جہانگیر کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کردی ہے جو مری میں ہونے والے واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے اس حوالے سے قانونی اقدام کی سفارش کرے گی۔
وکلاء کے اس قدم کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ نے بھی کچھ خانہ پری کرنے کی کوشش کی ہے، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے پانچ منٹ کے لئے لاہورمیں ماں کے ہاتھوں بیٹی کے قتل پراجلاس ملتوی کیا اور خواتین بل کی منظوری کے لئے مشترکہ اجلاس بنانے پربھی زوردیا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کی پہلی تاریخ کو مری کی تحصیل ڈیوال میں نامعلوم افراد نے اسکول ٹیچر کو رشتے سے انکار کرنے پر تشدد کرنے کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگادی تھی۔