کراچی : سندھ حکومت کی جانب سے مولانا تاج محمد حنفی کو 30 دن کے لیے نظر بند کردیاگیا ہے.سندھ حکومت نے یہ فیصلہ ڈی آئی جی ویسٹ کی سفارش پر کیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ڈی آئی جی ویسٹ کی سفارش پر اہلسنت و الجماعت کے اسیر سیکرٹری جنرل مولاناتاج حنفی کو 30 دن کے لیے نظر بند کردیا گیا ہے،محکمہ داخلہ سندھ نے نظر بندی کا نوٹیفیکیشن بھی جا ری کردیاہے۔
اسی سے متعلق : اہل سنت والجماعت کے جنرل سیکریٹری ’تاج حنفی‘گرفتار
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایک ماہ بعد مولانا تاج محمد حنفی پر لگائی گئی پابندی ہٹا دی جائے گی تا ہم امن و امان کی حالت درست نہ ہوئے تو پابندی کی معیاد بڑھائی بھی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ اہلسنت و الجماعت کے سیکرٹری جنرل کو گزشتہ روز مسجد صدیق اکبر سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران حراست میں لیا تھا اور فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی پر مشتمل قابل اعتراض لتریچر ضبط کر لیا تھا۔
واضح رہے تاج محمد حنفی عرصہ دراز سے اہلسنت والجماعت سے منسلک ہیں اور آج کل سیکرٹری جنرل کے فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ 22 نومبر کو کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے 258 کے ہونے والے ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جو مسلم لیگ ن کے سابق رکن کے استعفیٰ دے کر پیپلز پارٹی جوائن کرنے کی وجہ سے خالی ہو ئی تھی۔