اتوار, فروری 16, 2025
اشتہار

کراچی ایئرپورٹ : افغان شہری گرفتار، جعلی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ برآمد

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک جانے والے افغان شہری کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم نے پاکستانی ایجنٹ سے دستاویز بنوائیں۔

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے غیرملکیوں کے خلاف ایک اور کامیاب کارروائی کرکے ملزم کو حراست میں لے لیا۔

پاکستان سے جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے والا افغانی رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ایف آئی نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

ملزم افغان شہری ہے جس نے پاکستانی حکام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر دبئی جانے کیلئے جعل سازی سے پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کیا تھا۔

محمد ہارون نامی ملزم نے ایجنٹ کے ذریعے ایک پاکستانی خاندان کی فیملی ٹری کا حصہ بن کر قومی شناختی کارڈ حاصل کیا۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک روانگی کے لئے ملزم سے لاہور کے جمیل نامی ایجنٹ نے 6 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔

ملزم ہارون ڈیڑھ ماہ قبل افغانستان سے پاکستان آیا اور پنجاب کے شہر خانیوال میں رہائش اختیار کی، ملزم نے خود کو وہاں کا رہائشی ظاہر کرکے قومی شناختی کارڈ حاصل کیا۔

واضح رہے کہ سینئر حکام کی ہدایات پر10جون سے اب تک کراچی ایئرپورٹ امیگریشن کی غیرملکیوں کے خلاف یہ11ویں کارروائی ہے۔

18دنوں میں دوران چیکنگ 3 ایرانی شہریوں اور8 افغان شہریوں کی پاکستانی دستاویزات پر بیرون ملک روانگی ناکام بنائی گئی ہے۔

جعلی دستاویز پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے، ایف آئی اے نے 18دنوں کے دوران 11مسافروں کیخلاف کارروائی کی۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ 10جون سے27جون تک دوران چیکنگ جعلی دستاویز پربیرون ملک جانے والے 3ایرانی شہریوں اور8افغانی شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔

مذکورہ مسافر پاکستانی دستاویزات پر بیرون ملک جانا چاہتے تھے جسے ناکام بنادیا گیا، تمام 11مسافروں کو مزید قانونی کارروائی کیلئے پاسپورٹ سیل منتقل کیا گیا ہے۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں