روس میں ٹرین کے خوفناک حادثے میں سیکڑوں افراد زخمی ہو گئے۔
روسی ریلوے نے بتایا کہ پیر کو جنوبی روس میں کم از کم 140 افراد زخمی ہو گئے جب 800 مسافروں سے بھری ایک ٹرین لیول کراسنگ پر ٹرک سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے آٹھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
ٹرک ڈرائیور ٹریفک قوانین کو توڑتا ہوا الارم کے باوجود کراسنگ میں داخل ہو گیا جسے دیکھ کر ٹرین ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگا دی۔
ٹرین کوٹیلنیکوو اسٹیشن کے قریب تقریباً 65 کلومیٹر فی گھنٹہ (40 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے ٹرک سے ٹکرائی جو ماسکو سے تقریباً 1,200 کلومیٹر (750 میل) جنوب میں جنوبی وولگوگراڈ کے علاقے میں واقع ہے۔
روسی ریلوے نے کہا کہ حادثے میں قریباً 140 لوگ زخمی ہوئے ہیں جن میں 3 بچے شامل ہیں جب کہ 15 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ حادثے میں کسی مسافر کے ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی۔
تصادم کے نتیجے میں ٹرین کی 8 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی ہیں جس سے ٹریک کو ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا۔