لندن : برطانوی ریاستوں میں شدید برفباری نے نظام زندگی منجمد کردیا، آروین طوفان کے باعث دو شہریوں کی موت ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سرم سرما کا آغاز ہوتے ہی برطانوی ریاستوں میں شدید برفباری اور طوفان نے تباہی مچا دی۔
طوفان آروین کے باعث برطانیہ کے 80 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوگئے جس کے باعث شہریوں کی زندگیاں مشکلات کا شکار ہوگئیں۔
طوفان کی تباہ کاریوں میں درختوں کا گرنا بھی شامل ہے، شمالی آئرلینڈ اور لنکاسٹر سٹی میں گاڑیوں پر درخت گرنے کے دو مختلف واقعات میں دو افراد کی موت واقع ہوگئی۔
برطانوی محکمہ موسمیات (میٹ) نے ہفتہ (آج) شمالی انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے اور محکمہ موسمیات کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی، برطانیہ میں آج 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلی جس نے درختوں کو زمین سے اکھاڑ پھینکا۔
محکمہ موسمیات نے آج سہ پہر 3 بجے سے کل صبح 2 بجے تک آندھی کے لیے وارننگ جاری کر رکھی ہے، برطانوی پولیس نے طوفان کے پیش نظر سڑکیں بند کرکے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کردیں۔