ڈھاکہ : کیوی کپتان ٹام لیتھم نے دورہ پاکستان کی نوید سنا دی، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ سیریز کے اختتام پر ہماری توجہ دورہ پاکستان پر ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے بنگلا دیش میں کیا جہاں نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم اس وقت پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کےلیے موجود ہے، ٹام لیتھم نے کہا کہ اس وقت ہمارا فوکس بنگلہ دیش کے خلاف سیریز پر ہے، سیریز کے اختتام پر ہماری توجہ دورہ پاکستان پر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ریگ ڈکاسن طویل عرصے سے نیوزی لینڈ بورڈ کےلیے کام کررہے ہیں جو اس وقت پاکستان میں موجود ہیں اور سیکورٹی کا جائزہ لے رہے ہیں اور ہمیں سیکیورٹی ماہر ریگ ڈکاسن کے کام پر مکمل اعتماد ہے۔
خیال رہے کہ کیوی ٹیم کو آئندہ ماہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کےلیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے، دورے میں تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔
کیوی ٹیم کی چارٹرڈ فلائٹ سے 11 ستمبر کو پاکستان آمد متوقع ہے، واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا یہ 18 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔