چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے استعفیٰ کی خبر پر وفاقی وزیر عطا تارڑ کا بیان آگیا۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کے استعفیٰ کی خبر میرے پاس نہیں، وہ ابھی اے سی سی کے صدر منتخب ہوئے ہیں، کھیل کو سیاست اور سیاست کو کھیل سے باہر رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اسپورٹس مین دنیا میں اپنا نام منوا رہے ہیں، ٹیلنٹ ایونٹ کروایا گیا جہاں سے ارشد ندیم سامنے آئے، کھیلوں کی سرگرمیاں جتنی زیادہ ہوں اتنی بہتری آئے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، پاکستان ٹیم میں بہت ٹیلنٹ ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد میں بھی عالمی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم ہونا چاہیے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے استعفی سے متعلق پی سی بی کا بیان سامنے آیا تھا جس میں حکام نے استعفی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
میڈیا پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے استعفیٰ سے متعلق خبریں گردش میں ہیں تاہم پی سی بی حکام نے ان افواہوں کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
کئی اسپورٹس ویب سائٹ نے اس حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ محسن نقوی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدے سے استعفی دے سکتے ہیں اور وجہ یہ کہ وہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر منتخب ہوچکے ہیں۔