اسلام آباد : احتساب عدالت نے پی پی رہنما آصف علی زرداری کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں بھی فرد عائد کرنے کی جرم کرنے کی تیاری کرلی، کیس کی سماعت ویڈیو لنک کے ذریعے ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، آصف زرداری پر پارک لین کے بعد منی لانڈرنگ کیس میں بھی فرد جرم کی تاریخ مقرر کردی گئی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری، حسین لوائی، انور مجید ودیگر پر7جولائی کو فرد جرم عائد کی جائے گی، کورونا وائرس کے باعث جیل میں موجود ملزمان پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے احتساب عدالت نے حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیب کراچی انور مجید کے لئے اسپتال میں ویڈیو لنک کا انتظام مکمل کرے، رجسٹرار احتساب عدالت کراچی انورمجید کی ویڈیو لنک پرشناخت کی تصدیق کریں گے، حسین لوائی، طحہ رضا اورمحمد عمیر پراڈیالہ جیل میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔
احتساب عدالت نے حکم نامہ کے مطابق جو ملزمان جیل میں نہیں وہ7جولائی کو ذاتی حیثیت میں فرد جرم کے لئے پیش ہوں۔
واضح رہے کہ پارک لین ریفرنس میں پہلے ہی فردجرم کے لئے26جون کی تاریخ مقرر ہے، منی لانڈرنگ کیس میں انور مجید کی اسلام آباد عدم منتقلی فرد جرم میں رکاوٹ بنی ہوئی تھی۔