لندن : انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی عدالت نے بانی ایم کیوایم کو عمران فاروق قتل کیس میں طلب کرنے کے لیے برطانوی اخبارات میں اشتہار شائع کرایا ہے.
تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبارات میں لندن میں مقیم بانی ایم کیوایم کو ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں اپنا بیان قلم بند کرانے کے لیے 30 دن کے اندر اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے.
ذرائع کے مطابق مذکورہ اشتہار اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے لندن کے اخبارات میں شائع کیا گیا ہے جس میں بانی ایم کیو ایم کو 30 دن کے اندر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے.
خیال رہے ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس کی سماعت پاکستان میں جاری ہے جہاں گرفتار ملزمان خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی خان سے ایف آئی اے نے تفتیش مکمل کر کے چالان جمع کرا رکھا ہے.
انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی عدالت نے ایف آئی اے کی تفتیش اور گرفتار ملزمان کے اعترافی بیانات کے بعد بانی ایم کیو ایم کو اشتہاری ملزم قرار دیتے ہوئے عدالت میں حاضر ہونے کا اشتہار شائع کرایا ہے.
یا د رہے 16 ستمبر 2010 کی شب ایم کیو ایم کے جلاوطن رہنما ڈاکٹرعمران فاروق کو چھری کے وار اور سر پر بھاری پتھر کی ضربیں لگا کرکے قتل کردیا گیا تھا.