لاہور: اے ٹی سی نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف پی ٹی آئی دھرنے میں اموات کا مقدمہ خارج کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے نواز شریف کے خلاف پی ٹی آئی دھرنے میں اموات کا مقدمہ خارج کر دیا، عدالت نے تفصیلی فیصلہ بھی جاری کر دیا۔
تفصیلی فیصلے میں نواز شریف ، شہباز شریف، چوہدری نثار، سعد رفیق اور دیگر رہنماؤں کے خلاف مقدمے کے اخراج کی وجوہ تحریر کی گئی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کے مطابق اخراج کی رپورٹ بناتے وقت شواہد پیش کرنے کا انھیں موقع نہیں دیاگیا تھا، تاہم ریکارڈ کے مطابق بار بار طلب کرنے کے باوجود شاہ محمود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
غیرقانونی پلاٹس الاٹمنٹ کیس : نواز شریف اشتہاری قرار، ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
تحریری فیصلے کے مطابق شاہ محمود نے اپنے الزامات کے شواہد تفتیشی افسر کے سامنے پیش نہیں کیے، درخواست گزار کو اخراج مقدمہ کی رپورٹ پر بار بار عدالتی نوٹس دیےگئے، لیکن درخواست گزار اس کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی کے وکیل نےگواہوں اور شواہد کی فہرست بھی پیش نہیں کی، ملزمان کے جائے وقوع پر موجود ہونے کے شواہد پیش نہیں کیےگئے ہیں، ملزمان کے سیاسی کارکنوں پر فائرنگ کا حکم دینے کے شواہد بھی موجود نہیں۔
مقدمہ خارج کرنے کی یہ وجہ بھی بتائی گئی کہ پولیس نے مقدمے کی اخراج رپورٹ مکمل تفتیش کے بعد پیش کی ہے، جس میں بدنیتی یا تعصب کا کوئی عنصر موجود نہیں۔