انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کینال روڈ پر جلاؤ گھیراؤ اور پولیس تشدد کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں اسد عمر، فرخ حبیب اور یاسمین راشد کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع کردی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت میں کینال روڈ پر جلاؤ گھیراؤ اور پولیس پر تشدد کیس کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، یاسمین راشد، فرخ حبیب، مسرت چیمہ اور عمیر نیازی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ جے آئی ٹی کے سربراہ آفتاب پھلروان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ تفتیش میں کیا پیش رفت ہوئی ہے؟ جس پر سربراہ جے آئی ٹی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ فرخ حبیب اور مسرت چیمہ نے تاحال تفتیش جوائن نہیں کی ہے۔
مسرت چیمہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے جے آئی ٹی کو چیلنج کیا ہوا ہے۔
اے ٹی سی جج نے کہا کہ اگر جے آئی ٹی ختم بھی ہوجاتی ہے تو بیان تو ریکارڈ کرانا ہے۔ عدالت نے مسرت چیمہ اور فرخ حبیب کو آج ہی انویسٹی گیشن جوائن کرنے کی ہدایت کی اور اسد عمر، یاسمین راشد، فرخ حبیب کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع کردی۔