کراچی : بانی ایم کیو ایم کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے برطانوی قانونی فرم نے پاکستان کا دورہ کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بانی ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، مقدمے میں اہم پیشرفت سے متعلق تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کردیا۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ بانی ایم کیو ایم کوکیفرکردارتک پہنچانےکیلئے برطانوی فرم کی خدمات حاصل کرلی اور برطانوی قانونی فرم نےپاکستان کادورہ کرکے تحقیقات بھی شروع کر دیں ہیں۔
سماعت میں تفتیشی افسر نے کہا کہ برطانوی فرم بانی ایم کیو ایم کےخلاف شواہداکٹھے کر رہی ہے جبکہ دیگر ممالک سے بھی شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں، ماضی میں برطانوی فرم کی خدمات نہ ملنے کے سبب ایم کیو ایم بانی بچتے رہے ہیں۔
آئی او نے بتایا کہ منی لانڈرنگ سے متعلق 69بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے آچکی ہیں جبکہ بانی ایم کیو ایم ملک دشمنی اورکراچی میں قتل و غارت میں ملوث رہا، منی لانڈرنگ کیس میں پیشرفت سے متعلق عدالت کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔
دوران سماعت ایف آئی اے نے کہا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا، متحدہ ایم این ایز، سینیٹر، ڈپٹی میئر کے ذریعے رقم منتقل ہوتی رہی۔
حکام نے بتایا کہ نیب ،رینجرز و دیگر اداروں سے بھی معلومات طلب کی گئی ہیں، وزارت خارجہ کے ذریعے دیگر ممالک سے معلومات منگوائی ہیں جبکہ برطانیہ اور یو اے ای حکومت سے بھی بینک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ مانگا ہے۔