جمعرات, دسمبر 5, 2024
اشتہار

عدالت کا بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو 10 ہزار روپے ہرجانے کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے اڈیالہ جیل میں قید بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہنوں کو 10 ہزار روپے ہرجانے کا حکم سنا دیا۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے بہنوں کی ملاقات سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ علیمہ خانم، عظمیٰ خان اور نورین خان نیازی نے اے ٹی سی میں 2 دسمبر کو درخواست دی تھی جبکہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 3 دسمبر کو جیل سپرنٹنڈنٹ کو طلب کیا تھا۔

جیل انتظامیہ نے دائر درخواست پر عدالتی حکم کے بغیر ہی بانی پی ٹی آئی سے بہنوں کی ملاقات کروا دی تھی جس کے بعد عدالت نے اجازت کے بغیر ملاقات کروائے جانے کا نوٹس لیا۔

- Advertisement -

عدالت نے استفسار کیا کہ اگر ملاقات کروائی جا رہی تھی تو عدالت میں درخواست دائر کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ اے ٹی سی نے تینوں بہنوں کو درخواست دائر کرنے پر 10 ہزار روپے ہرجانے کا حکم جاری کیا اور دائر درخواست بھی خارج کر دی۔

درخواست پر سماعت انسداد دہشتگردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔

چند روز قبل اڈیالہ جیل کے ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروانے یا نہ کروانے کا اختیار جیل انتظامیہ کے پاس نہیں ہے۔

جیل ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ جیل کی تحویل میں نہیں بلکہ راولپنڈی پولیس کی حراست میں ہیں لہٰذا ان سے ملاقات کے خواہشمند افراد پنڈی پولیس سے رابطہ کریں۔

بانی پی ٹی آئی تھانہ نیو ٹاؤن کے ایک مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر راولپنڈی پولیس کی حراست میں ہیں اور ان کے سیل کو راولپنڈی تھانہ نیو ٹاؤن کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں