کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مئیر کراچی وسیم اختر کا پاسپورٹ واپس کر دیا ، مئیر کراچی کے وکیل نے پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق مئیر کراچی وسیم اختر کے وکیل نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست دائر کی ، جس پر اے ٹی سی 2 نے وسیم اختر کو پاسپورٹ واپس کرنے کی اجازت دے دی۔
جس کے بعد میئرکراچی وسیم اختر کا پاسپورٹ واپس کر دیا گیا۔
یاد رہے چند روز قبل کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ12 مئی سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی تھی ، دوران سماعت عدالت نے وسیم اختر سے مکالمے میں کہا میئر توکراچی کےہیں لیکن شہر کے لیے کچھ کیا نہیں۔
مزید پڑھیں : وسیم اختر نے پاسپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرادیا
عدالت کاوسیم اختر کو پاسپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا آپ کوپاسپورٹ آفیشل وزٹ کے لیے دیا گیا تھا، اگر اب اگر آفیشل وزٹ نہیں کر رہے ہیں تو پاسپورٹ واپس جمع کرائیں۔
عدالت کے حکم پر وسیم اختر نے پاسپورٹ اے ٹی سی میں جمع کرادیا تھا۔
خیال رہے 14 ستمبر کو انسداد دہشت گردی عدالت میں میئر کراچی وسیم اختر کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی ، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا تھا کہ دبئی میں مقیم اہل خانہ سے ملنے کے لیے جانا ہے
واضح رہے وسیم اختر دہشت گردوں کے علاج، سانحہ 12مئی اور اشتعال انگیزتقریر کیس میں ضمانت پر ہیں، 4مقدمات میں میئرکراچی وسیم اختر و دیگر ملزمان پر پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے ، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔