کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے طالب علم سلیمان لاشاری قتل کیس کا فیصلہ 7 سال بعد سنا دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق ایس ایس پی کے بیٹے سلمان ابڑو کو قتل کا جرم ثابت ہونے پرعمر قید کی سزا سنائی اور مجرم کو ایک لاکھ روپے جرمانے کا بھی حکم دیا۔
عدالت نے اقدام قتل کے جرم میں مجرم سلمان ابڑو کو مزید 10 سال قید اور 50 ہزار جرمانے کی سزا سنائی۔
عدالت نے قتل کیس میں ملوث پولیس اہلکاروں ارشد، یاسین، مقبول، عمران کو بھی عمر قید کی سزا سنائی اور سابق پولیس اہلکاروں پر ایک، ایک لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
اے ٹی سی نے املاک کو نقصان پہنچانے پر مجرم ذیشان، مصطفیٰ کو دو، دو سال قید کی سزا اور 50 ہزار جرمانہ عائد کیا۔
واضح رہے کہ طالب علم سلیمان لاشاری کو 2014 میں قتل کیا گیا تھا واقعہ کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے میں پیش آیا تھا۔