اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتراز احسن نے کہا ہے کہ چوہدری نثار میں جرات ہے تو مریم نواز کی ٹوئیٹس بند کرائیں، مریم نوازان اجلاسوں کی ٹوئٹس کرتی ہیں جن میں وہ نہیں ہوتیں۔
تفصیلات کے مطابق پی پی پی کے رہنما اور سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ ڈان لیکس پرطارق فاطمی اور راؤ تحسین کو قربانی کا بکرا بنایا گیا، مریم نواز کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے، حمزہ شہباز کا پتہ کاٹ کر مریم نوازکو قومی اسمبلی لانا چاہتے ہیں۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ مریم نوازکا میڈیا سیل وزیراعظم ہاؤس کے اجلاس ریکارڈ کرتا ہے، گزشتہ سال کشمیر پر اے پی سی بند کمرے میں تھی، خبریں باہر نکلیں، پاناما فیصلے میں کہا گیا مریم نواز والد کے زیرکفالت نہیں تھیں ، مریم نواز وزیراعظم کی وراثت کو آگے لیکر جانا چاہ رہی ہیں۔
مزید پڑھیں : پاناما کیس میں جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں، اعتزاز احسن
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے استعفیٰ دیا تو مریم نواز کو ان کی جگہ پر لایا جائے گا۔
اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ چوہدری نثارکا یہ کہنا درست ہے ٹوئٹس زہر قاتل ہیں، مریم نوازان اجلاسوں کی ٹوئٹس کرتی ہیں، جن میں وہ نہیں ہوتیں، چوہدری نثار میں جرات ہے تو مریم نواز کے ٹوئٹس بند کرائیں۔
انھوں نے کہا کہ ڈان لیکس کا بیان جاری کرنے والے افسر کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔