لاہور : پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء اور معروف قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ بند کمرے کی تحقیقات نواز شریف کو فائدہ پہنچانے کے لئے ہے، پانامہ جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنماء اعتراز احسن کا کہنا تھا کہ پانامہ جے آئی ٹی کی کارروائی بند کمرے میں ہو رہی ہے، پہلے دن سے مؤقف ہے کہ کارروائی اوپن ہونی چاہیئے۔
اعتراز احسن نے کہا کہ تین ماہ سے یہ سن سن کر کان پک گئے کہ نواز شریف نے تین نسلوں کا حساب دیا ہے، اب یہ لوگ وزیراعظم کی پیشی کابول بول کرکان پکادیں گے، صرف پیش نہیں ہوناسچ بھی بولنا ہے ورنہ کیا فائدہ؟ بند کمرے کی تحقیقات نواز شریف کو فائدہ پہنچانے کے لئے ہے۔
انہوں نے شیخ رشید کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نون نے شیخ رشید کے ساتھ ایسی حرکت کروا کر بوکھلاہٹ کا ثبوت دیا، جھوٹے الزامات لگانا مسلم لیگ نون کی منصوبہ بندی ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، گالم گلوچ بریگیڈ کا کام صرف کیمروں پر گالیاں دینا ہے۔