عوام کی بڑی تعداد اے ٹی ایم کا استعمال کرتی ہے جو عوامی مراکز ایئرپورٹس پر لگے ہوتے ہیں مگر اب یہ سہولت ٹرین میں بھی دستیاب ہوگی۔
آج کے دور میں اے ٹی ایم کی بڑی سہولت ہے جس کے ذریعے لوگ اپنے پاس کیش ختم ہونے کی صورت میں قریب موجود اے ٹی ایم کے ذریعہ اپنے اکاؤنٹ سے با آسانی رقم نکلوا سکتے ہیں۔
یہ سہولت عموماً بینک کے اندر اور باہر سمیت بڑے تجارتی مراکز، کارپوریٹڈ اداروں، عوامی مقامات، ایئرپورٹس وغیرہ پر دستیاب ہوتی ہے تاہم اگر دوران سفر اچانک کسی کو رقم کی ضرورت پیش ہو جائے تو اس کے لیے مشکل ہوتی ہے۔
تاہم عوام الناس کی یہ مشکل بھی ختم ہونے والی ہے کیونکہ اب مسافروں کو ٹرینوں کے اندر بھی اے ٹی ایم کی سہولت دستیاب ہو گی۔
یہ سہولت بھارت کی ٹرینوں میں مسافروں کو فراہم کی جانے والی ہے اور اس کا تجرباتی آغاز ممبئی۔ منماڑ پنچوٹی ایکسپریس کے ذریعے کیا گیا ہے اور یہ پہلی ٹرین بن گئی ہے جس میں اے ٹی ایم مشین نصب ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق محکمہ ریلوے منماڑ پنچوٹی ایکسپریس میں اے ٹی ایم کی تنصیب کے بعد اب اس کا دائرہ دیگر ٹرینوں کو تک وسیع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، تاہم یہ کب تک ہوگا اس بارے میں کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سینٹرل ریلوے (سی آر) نے ممبئی-منماڑ پنچوٹی ایکسپریس میں نجی بینک کے ذریعہ تجرباتی طور پر اے ٹی ایم مشین لگائی گئی ہے اور اس کو ڈیلی ایکسپریس سروس کی ایمرجنسی چیئر کار کوچ میں نصب کیا گیا ہے۔ اس سہولت سے جلد ہی مسافر بھی مستفید ہو سکیں گے۔