کراچی: اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ عید اور رمضان کی تعطیلات میں 63.2 ملین ٹرانزیکشنز کے ذریعے 827.2 ارب روپے نکالے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کی مشترکہ کوششوں سے رمضان اور عیدالفطر کے دوران اے ٹی ایم سروسز اوسطاً 96.5 فی صد رہیں، اس سے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران اپ ٹائم مزید بہتر ہو کر 98 فی صد ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق رمضان اور عید کی تعطیلات کے دوران 63.2 ملین ٹرانزیکشنز کے ذریعے 827.2 ارب روپے نکالے گئے، جب کہ صرف عید کی تعطیلات کے دوران 11.6 ملین ٹرانزیکشنز کے ذریعے 137.8 ارب روپے نکالے گئے۔
اسٹیٹ بینک نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے اور عیدالفطر کی طویل تعطیلات کے دوران نقد رقوم کی زیادہ طلب کے پیش نظر اے ٹی ایم مانیٹرنگ کی ایک خصوصی مشق کا آغاز کیا تھا۔
اسٹیٹ بینک کے اندر اس کام کے لیے وقف ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی تاکہ نگرانی کے ذریعے تمام بینکوں کے ملک گیر اے ٹی ایم آپریشنز پر نظر رکھی جا سکے۔
اسٹیٹ بینک کی وقف ٹیم کا عملہ بینکوں کے ساتھ رابطے کے لیے چوبیس گھنٹے دستیاب رہا، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا ئے کہ 9 دنوں پر مشتمل عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران اے ٹی ایم کی خدمات بلاتعطل دستیاب رہیں۔
عوام کی جانب سے اسٹیٹ بینک کی ٹیموں کو 500 سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں جنھیں کم سے کم وقت میں حل کرنے کے لیے بینکوں سے فوری طور پر رابطہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ رمضان اور عیدالفطر کے دوران خصوصی اے ٹی ایم مانیٹرنگ سے ٹھوس نتائج برآمد ہوئے ہیں، رمضان، عید اور دیگر تہواروں کی طویل تعطیلات کے دوران صارفین کو اے ٹی ایم سے متعلق سہولتوں کی زیادہ سے زیادہ دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک کمرشل بینکوں کی شراکت سے متعدد اقدامات کرتا رہا ہے۔