کراچی : پاکستانی اے ٹی ایم صارفین کے لاکھوں روپے لوٹ لئے گئے، ہیکرز نے پاسورڈ چوری کرکے 600سے زائد بینک اکاؤنٹس خالی کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے پوش علاقے میں شاپنگ سینٹر سے اے ٹی ایم پاس ورڈز ہیک کرکے بھاری رقوم نکلوانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈیفنس میں ایک بینک کے صارف کی رقم اگلے دن چین کے شہر شنگھائی میں نکال لی گئی۔
اس کے علاوہ اسلام آباد میں کراچی کے ایک اور کھاتےدار کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ روپے نکال لیے گئے، اس حوالے سے ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ مشہورشاپنگ سینٹر سے کئی بینکوں کے اے ٹی ایم پاسورڈز ہیک ہوئے ہیں۔
ایف آئی اے اے ٹی ایم پاسورڈ ہیکنگ کی تحقیقات کررہا ہے جبکہ بینکوں نے ہیک ہونے والے کارڈز بلاک کر کے نئے کارڈ جاری کرنا شروع کر دئیے ہیں۔
ایف آئی اے سائبرکرائم سیل نے گزشتہ دنوں دو چینی باشندوں کو گرفتار کیا تھا، گرفتار ہونے والے چینی شہریوں سے اسکمنگ ڈیوائس بھی برآمد ہوئی تھی۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اےٹی ایم کارڈز کے فراڈ میں چینی ہیکرز انتہائی شاطر ہیں، سائبر کرائم سرکل نے گزشتہ دوسال میں دو گروہوں کوپکڑا، گروہوں میں چینی باشندے شامل تھے۔
مذکورہ گروہوں کے خلاف دو مقدمات بھی درج ہوئے، ایک مقدمہ 2016اورایک2017میں سائبرکرائم سرکل میں درج کیاگیا، دونوں گروہ اسکمریا کارڈ ریڈر مشین کے ذریعے ڈیٹا چراتےتھے۔
اسکمر یا کارڈ ریڈر اےٹی ایم کے کارڈ ہولڈرمیں لگایا جاتا ہے، اےٹی ایم کارڈ کاڈیٹا چرا کرچین میں ڈپلیکیٹ کارڈ بنایا جاتا ہے، ڈپلیکیٹ کارڈ میں چرایاگیا ڈیٹا فیڈ کرنے کے بعد اسےاستعمال کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: گجرات، اے ٹی ایم سے 80 سیکنڈ میں 27 لاکھ روپے لٹ گئے
حکام کے مطابق واردات کا دوسرا طریقہ اےٹی ایم میں خفیہ کیمرے سے پاسورڈ چوری کرناہے، چینی سفارت کاروں کو اس معاملے پر خط لکھا جاچکا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔