کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے اسے تمام اے ٹی آر طیارے گراؤنڈ کرنے کی ہداہت دے دی،قبل ازیں حویلیاں حادثے کے بعد بھی ان طیاروں کو گراؤنڈ کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پی آئی اے کو تمام اے ٹی آر طیاروں کو گراؤنڈ کرنے کا کہا ہے کیونکہ یہ طیارے قواعد و ضوابط پر پورے نہیں اتر رہے جس پرخدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ سو گھنٹے پرواز کے بجائے 500 گھنٹوں کے بعد اس کے انجنوں کی مرمت کی جارہی تھی۔
اس صورتحال پراعتراض کرتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ ہر سو گھنٹے کے اندر اندر جہازوں کا فلٹر تبدیل کیا جائے، ان ہدایات کے بعد پی آئی اے کی جانب سے متعدد پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں : شیک ڈاؤن ٹیسٹ‘پی آئی اے کےاے ٹی آر طیارےگراؤنڈ
پی آئی اے نے اندرونِ ملک چلنے والی چھ سے زائد اے ٹی آر طیاروں کی پروازوں کو منسوخ کیا۔ دوسری جانب اے ٹی آر طیارے گراؤنڈ ہونے کے باعث پروازیں منسوخ ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ایئر لائن کی جانب سے اٹھائے گئے اقدام کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔
مزید پڑھیں : پی آئی اے کے نو میں سے چار اے ٹی آرطیارے خراب نکلے
یاد رہے کہ اس سے قبل حویلیاں سانحہ کے بعد 12 دسمبر کو بھی سول ایوی ایشن کی جانب سے تمام 10 اے ٹی آر طیاروں کو جانچ پڑتال کے لیے گراؤنڈ کیا گیا تھا جس کے بعد چار طیارے خراب حالت میں نکلے تھے۔