لاہور: کشمیرمیں بھارتی بربریت کے خلاف سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ بار نے 29 جولائی کواقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔
لاہور میں سپریم کورٹ بار اور ہائیکورٹ بار کے سیکریٹری اسد منظور بٹ اور لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر رانا ضیاءعبدالرحمن اور سیکرٹری انس غازی نے ہائیکورٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض افواج کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں جس پر اقوام عالم کی خاموشی معنی خیز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے مگر انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام عالم نے اس پر چپ سادھ رکھی ہے جو یقینا افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لئے حکومت کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی مدد کا سلسلہ مزید موثر بنائے اور دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارت کاروں کو مسئلہ کشمیر پر عالمی رائے عامہ ہموار کرنے کا ٹاسک دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاج کریں گے اور یادداشت پیش کریں گے، وکلا رہنماوں کا کہنا تھا کشمیر کے مسئلے کو حل کئے بغیر نہ تو خطے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکتی ہے نہ ہی دنیا کا امن بحال کیا جا سکتا ہے۔