جمعرات, جون 27, 2024
اشتہار

’آپ 100 لوگوں کیساتھ گرڈ اسٹیشن گئے تو میں 1000 لے کر جا سکتا ہوں‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ  آپ 100 لوگ لے کر گرڈ اسٹیشن گئے میں 1000 لوگ لے کر جا سکتا ہوں۔

عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے گرڈ اسٹیشن کا دورہ کرنے پر کہا کہ بجلی اور لائن لاسز کے معاملات کو وفاق اور صوبوں نے مل کر حل کرنا ہے، آپس میں افہام و تفہیم اور تعاون سے معامالت کو آگے بڑھانا ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا بھی ہمارے ملک کا ہی حصہ ہے، عوام کو سہولت دینے کیلیے ہم سب کو ایک پیج پر آنا ہوگا، بجلی چوری اور لائن لاسز کے معاملات کے حل سے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ عید پر تفریح  گاہ کا رخ کرتے ہیں تو کچھ گرڈ اسٹیشن کا، ہم وہ نہیں جنہوں نے بل جلا کر کہا تھا کہ ادائیگی نہیں کریں گے۔

پریس کانفرنس میں عطا اللہ تارڑ یہ بھی بتایا کہ چین کا اعلیٰ سطح وفد آج پاکستان پہنچ رہا ہے اور اس دورے میں وفد سی پیک کے حوالے سے بات چیت کرے گا، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی سیاست سے بالاتر ہے، وقت اچھا ہو یا برا پاک چین دوستی لازوال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں ملی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چین کے وفد کا آنا پاکستان کیلیے خوش آئند بات ہے، تنقید کرنے والے پاک چین دوستی کے خلاف بولنا بند کریں، ہم ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے، اسٹاک ایکسچینج میں بھی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، تجارتی خسارہ کم ہوا، مہنگائی میں کمی ہوئی اور عوام خوشحال ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب ڈیجیٹل حب بننے جا رہا ہے، روپے کا مستحکم رہنا بھی اچھی خبر ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں