اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا پرتپاک استقبال پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہضم نہیں ہو رہا۔
عطا اللہ تارڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس ٹولے نے ملک میں نفرت پھیلائی اور شہدا کی توہین کی، پاکستان اس وقت ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے لیکن پی ٹی آئی نے دشمنوں کے ایجنڈے پر چل کر ملک کو نقصان پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں: ‘آرمی چیف کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا’
وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنی تقریروں میں دہشتگردوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں، آج جو دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں اس کے ذمہ دار سابق وزیر اعظم ہیں کیونکہ انہوں نے دہشتگردوں کو حوصلہ دیا اور ان کو واپس لے کر آئے، عمران خان پاکستان کے دشمنوں کے ایجنڈے پر چلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف ہوتی ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا برطانیہ میں پرتپاک استقبال اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، سپہ سالار کو جس طرح برطانیہ میں عزت دی گئی اور پرتپاک استقبال کیا گیا یہ عمران خان اور پی ٹی آئی والوں سے ہضم نہیں ہو رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں رویل ملٹری بینڈ نے پاکستان کا قومی ترانہ بجایا لیکن ملک کی دنیا میں عزت پی ٹی آئی والوں کو پریشان کرتی ہے، آئی ایم ایف کو خطوط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ اوورسیز محب وطن پاکستانیوں نے پی ٹی آئی کو مسترد کیا، جو ملک کو نقصان پہنچائے گے ان سے متعلق قوانین موجود ہیں، شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف قانون بھرپور حرکت میں آئے گا۔
’پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے تو پی ٹی آئی چاہتی ہے اس کو نقصان پہنچائیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی کاوش سے معیشت میں بہتری ہو رہی ہے، آپ سڑتے رہیں جو مرضی کریں ملک اسی طرح ترقی کرتا رہے گا، آپ کے آئی ایم ایف کے خطوط اور 9 مئی بھی ناکام ہوا آگے بھی ناکام ہوں گے۔‘