لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے اپنے حلف کے ساتھ انصاف نہیں کیا، ایوان صدر سازشوں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ آئین کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 21 روز میں بلانا ہوگا، الیکشن 2024 کے بعد اجلاس بلانے کی تاریخ 29 فروری ہے، صدر اجلاس نہیں بلائیں گے تو اسپیکر بلالیں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کیا آپ کو زیب دیتا تھا اپنے بیٹے کے کاروبار کیلیے ایم او یو پر دستخط کروائیں؟ صدر مملکت نے 4 کروڑ 36 لاکھ روپے کے اثاثے ظاہرکیے جبکہ ان کے مالی اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو 14 کروڑ سے زائد ہے۔
انہوں نے کہا کہ عارف علوی عہدے کا غلط استعمال کرنے والے شخص کے نام سے جانے جائیں گے، ان کے خلاف قانونی کاروائی ہونی چاہیے، ایوان میں اس معاملے پر بات کروں گا اور اسپیکر کو کمیٹی بنانے کا کہوں گا۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط کے بارے میں عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمشہ معیشت اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، ایک قیدی کی جانب سے آئے دن نیا شوشہ چھوڑا جاتا ہے۔
(ن) لیگی رہما نے کہا کہ یہ بات 2013 سے شروع ہو کر آئی ایم ایف کو خط لکھنے تک ہے، پی ٹی آئی جمہوری استحکام کے خلاف کام کرتی آئی ہے، اس کا یہ سلسلہ 2014 کے دھرنوں سے شروع ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔