پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی پر وفاق کے اعتراض کو پنجاب حکومت نے مسترد کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے پنجاب حکومت کی بنائی گئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) پر وفاق کی جانب سے غلام محمد ڈوگر کی کنوینر شپ اور ٹیم میں کسی ایجنسی کا نمائندہ شامل نہ کیے جانے پر اعتراضات کیے گئے تھے۔
پنجاب حکومت نے وفاق کے اس اعتراض کو مسترد کردیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی تشکیل پر وفاقی وزارت داخلہ کا اعتراض بلاوجہ ہے۔
عمر چیمہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے آئین اور قانون کے مطابق جےآئی ٹی تشکیل دی۔ جےآئی ٹی میں وفاق کی کسی ایجنسی کانمائندہ شامل کرنا ضروری نہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے گزشتہ روز پنجاب حکومت نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) بنائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان پر قاتلانہ حملہ، پنجاب حکومت نے جے آئی ٹی بنا دی
حکومت پنجاب کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی 6 اراکین پر مشتمل ہے جس کے سربراہ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر ہوں گے جب کہ ٹیم کے دیگر اراکین میں آر پی او ڈی جی خان سید خرم علی، ایس پی پوٹھوہار ملک طارق محبوب، اے آئی جی مانیٹرنگ انویسٹی گیشن پنجاب احسان اللہ چوہان، آر او سی ٹی ڈی راولپنڈی ڈویژن نصیب اللہ شامل ہیں۔