اسلام آباد : پاکستانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ہم متعلقہ افغان حکام کے ساتھ رابطے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق افغان عبوری حکومت کے رہنما ذبیح اللہ مجاہد کے ریمارکس پر پاکستانی وزارت خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم تحقیقات کی قریب سے پیروی کررہےہیں، سفارتخانے پر حملے کے معاملے پرمتعلقہ افغان حکام کے ساتھ رابطے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ یقین ہے کہ ناظم الامور کو نشانہ بنانے والے حملے کی تحقیقات کی جائیں گی، یقین ہے قصور واروں اور معاونین کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت سےلڑنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔