کوئٹہ: ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ انفورسمنٹ اینڈ کمپلائنس کوئٹہ نے افغانستان سے پاکستان چرس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ انفورسمنٹ اینڈ کمپلائنس کوئٹہ نے چمن بارڈر کے راستے افغانستان سے پاکستان چرس کی بڑی کھیپ کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان کسٹمز کے مطابق خفیہ پر ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اکبر جان کی سربراہی میں پاکستان کسٹمز کی ایک خصوصی ٹیم نے افغانستان سے پاکستان آنے والے ٹرک کو چمن بارڈر کے قریب رکنے کا اشارہ کیا تو اس میں سوار نامعلوم ملزمان ٹرک کو کچھ فاصلے پر روک کر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہوئے فرار ہوگئے۔
کسٹمز کے عملے نے ٹرک کو تحویل میں لے کر مکمل تلاشی کے دوران خصوصی خفیہ خانوں سے 20 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی ایک ٹن چرس برآمد ہوئی۔
ترجمان کے مطابق برآمد شدہ چرس اور ٹرک کو ضبط کر کے مفرور ملزمان کے خلاف کسٹم اور منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔