کوسٹ گارڈز نے بلوچستان اور سندھ کے کوسٹل ایریاز میں انسداد منشیات اور ڈیزل اسمگلنگ کے خلاف بڑی اور کامیاب کاررورائیاں کی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کوسٹ گارڈز نے بلوچستان اور سندھ میں انسداد منشیات اور ڈیزل اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے سمندر کے راستے لاکھوں لیٹر ایرانی ڈیزل اور اربوں روپے کی منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی ہے۔
ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق 9 لاکھ 15 ہزار 440 لیٹر ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ اس کے علاوہ اوتھل اور جیوانی سے تقریباً 57 ملین ڈالر (15 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کی منشیات بھی برآمد کر کے ضبط کر لیں۔
اس کے علاوہ چیک پوسٹس پر دوران چیکنگ تین کروڑ 60 لاکھ سے زائد مالیت کی اشیا برآمد کر کے ضبط کر لیں۔ ان اشیا میں گٹکا، چھالیہ، نسوار، ٹائر، الیکٹرانکس مصنوعات، کپڑا اور سگریٹ شامل ہیں۔