ممبئی: بھارت میں ایک شخص نے شادی سے انکار کرنے پر انتقاماً لڑکی کو چلتی ٹرین سے دھکا دے دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی کے رہائشی سمیدھ جادوو 2 سال سے ایک لڑکی سے یک طرفہ محبت میں مبتلا تھا، جس پر اُس نے لڑکی کو شادی کی پیش کش بھی کی۔
لڑکی نے شادی سے انکار کیا تو سمیدھ نے جمعے کے روز کھار ریلوے اسٹیشن کی پٹری پر کود کر خودکشی کی کوشش کی مگر اُسے لوگوں نے پکڑ کر سمجھایا تو اُس کا غصہ ٹھنڈا ہوا۔
بعد ازاں سمیدھ نے اُسی روز انتقام لینے کے لیے لڑکی کو چلتی ٹرین سے نیچے پھینک دیا جس کے نتیجے میں اُس کی جان تو بچ گئی مگر واقعے میں لڑکی زخمی ہوئی اور اُسے شدید چوٹیں آئیں۔
مزید پڑھیں: شوہر نے نئی نویلی دلہن کو چلتی ٹرین سے دھکا دے دیا
رپورٹ کے مطابق لڑکی کے سر میں گہری چوٹیں آئیں جس کی وجہ سے ڈاکٹر نے سر پر 12 ٹانکے لگائے تاکہ زخم دوبارہ سے بھر جائے۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ وہ اور سمیدھ دو سال قبل ایک دفتر میں ساتھ کام کرتے تھے جہاں دونوں کو ایک دوسرے سے قربت ہوگئی تھی البتہ کچھ غلط حرکتوں کی وجہ سے لڑکی نے سمیدھ سے دوری اختیار کرلی تھی۔
متاثرہ خاتون کے مطابق سمید ہر وقت شراب کے نشے میں دھت رہتا تھا، جو اُسے سخت ناپسند تھا اسی بری عادت کی وجہ سے اُس نے لڑکے سے دوری اختیار کی۔ دوری ہونے پر سمیدھ نے لڑکی کو سرعام تنگ کرنا شروع کیا تو اہل خانہ نے ممبئی کے نرمل نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی جس کے بعد سمیدھ کچھ روز خاموش رہا اور پھر دوبارہ وہی حرکتیں شروع کردیں تھیں۔
عینی شاہدین کے مطابق جمعے کے روز جب لڑکی ریلوے اسٹیشن پہنچی تو سمیدھ نے ٹرین سے چھلانگ لگائی اور پٹری پر جاکر لیٹ گیا، بعد ازاں اُس نے لڑکی کو چلتی ٹرین سے دھکا دینے کی کوشش کی مگر اسٹیشن پر تعینات اہلکاروں نے بروقت اقدامات کر کے لڑکی کی جان بچا لی۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی شہری نے مسلم خاتون کوٹرین کے آگے دھکا دےدیا
متاثر ہ لڑکی پر حملہ کرتے ہوئے وقت جب سمیدھ نے اسٹیشن پر موجود لوگوں کو اپنی طرف آتے ہوئے دیکھا تو وہ موقع وردات سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے اس معاملے کی جانچ شروع کی اور 12 گھنٹے بعد سمیدھ کو گرفتار کرلیا۔ جس نے تفتیش کے دوران محبت میں ناکامی پر بدلہ لینے کا اعتراف کیا۔