واشنگٹن: امریکا میں ملزم کو گرفتاری سے بچنے کے لیے انوکھی چال مہنگی پڑگئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے کروناوائرس کی آڑ لینے کی کوشش کی تاہم پولیس نے گرفتار کرلیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلوریڈا کے علاقے برڈن سے تعلق رکھنے والے ملزم نے پولیس کو چکما دینے کے لیے اپنے گھر کے دروازے پر وارننگ پیغام چسپاں کررکھا تھا تاکہ متعلقہ ادارے گرفتاری سے گریز کریں۔
جعلی وارننگ پیغام میں لکھا تھا کہ وہ 8 اپریل سے کروناوائرس کا شکار ہے۔
تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائی اور حفاظتی کٹس پہنچ کر مطلوب شخص کو گرفتار کرلیا۔ ٹیسٹ کے بعد پتہ چلا ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے نوسر بازی کی اور کرونا کا جھوٹا ڈھونگ رچایا۔
ملزم کو پیشگی گرفتاری کے احکام کی خلاف ورزی اور فرار ہونے سمیت دیگر مقدمات کا بھی سامنا ہے۔