کراچی : ملک کے تین بڑے ایئرپورٹس پر بیرون ممالک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور مسافروں سے آئس ہیروئن برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس سیکورٹی فورس نے ملتان اسلام آباد اور پشاورائیر پورٹس پر کاروائیاں کرتے ہوئے بیرون ممالک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ اے ایس ایف کے عملے نے ملتان سے دوحہ جانے والے مسافر سے 1.170 کلو گرام آئس ہیروئن ، اسلام آباد سے دوحہ جانے والے مسافر سے 810 گرام آئس ہیروئن جبکہ پشاور سے دوحہ جانے والے مسافر سے 2.73 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کر لی ہے۔
مسافر محمد ابرار نے ملتان ایئرپورٹ پر ہیروئن بیگ کی لائننگ میں، مسافر محمد راشد علی نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بیگ کی تین تہوں میں جبکہ مسافر محمد نعمان نے پشاور ائیرپورٹ پر مذکورہ منشیات بیگ کی تہہ میں کمال مہارت سے چھپا رکھی تھی-
اے ایس ایف کے عملے نے تینوں واقعات میں سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دیں۔
ترجمان اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعدبرآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا۔