راولپنڈی : اٹک میں دو ماہ کی دلہن کو قتل کردیا گیا، لڑکی کے گھر والوں نے سسرال والوں پر قتل کا الزام لگایا، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق موت فائرنگ سے ہوئی، قتل کے ملزمان ضمانت پر رہا کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اٹک کی تحصیل بوٹا میں دو ماہ قبل قتل ہونے والی نو بیاہتا دلہن سعیدہ بانو کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس نے پورے معاملے کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔
اٹک میں دو ماہ قبل لال جوڑا پہن کر سسرال آنیوالی دلہن کا خون ہوگیا، سعیدہ بانو کی شادی شبیر حسن سے ہوئی اس کا شوہرملازمت کے سلسلے میں دبئی میں رہتا ہے، مقتولہ سعیدہ کے والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بیٹی کوسسرالیوں نے قتل کیا ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ کو چار فٹ کے فاصلے سے پیچھے سے گولی ماری گئی، پولیس نے قتل کا مقدمہ سسرالیوں کے خلاف درج کرلیا۔
ابتدائی طور پر ایف آئی آر ہی ایک مہینے کے بعد درج کی گئی اور اس کے بعد قتل کے وقت گھر میں موجود افراد نے عبور ی ضمانت حاصل کرلی ہے جس کے بعد پولیس کارروائی کرنے میں بے بس نظر آتی ہے۔