اٹک: پیپلزپارٹی کے رہنما ملک شاہان کا قاتل ان کا بھتیجا نکلا ، پولیس نے ملزم سے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے، ملزم نے جائیداد کی خاطر سوتیلے چچا ملک شاہان کو قتل کیا۔
تفصیلات کے مطابق اٹک کی پولیس نے پیپلزپارٹی رہنما ملک شاہان کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شیردل مقتول ملک شاہان کا بھتیجا ہے، ملزم نے جائیداد کی خاطر سوتیلے چچا ملک شاہان کو قتل کیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز قریبی عزیز کے جنازہ میں شرکت کرنے والے پیپلز ہارٹی کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی ملک شاہان کوان کے بھتیجے ملک شیر دل حاکمین نے گولی مار دی تھی ، گولی ملک شاہان کے سر پر لگی اور وہ شدید زخمی ہو گئے، جس کے بعد ان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے راولپنڈی ریفر کیا اور ملک شاہان راولپنڈی ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے تھے۔
رات گئے ملک شاہان کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ صدر اٹک میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ، مقدمہ میں درج ہے کہ ملک شاہان اورسوتیلے بھائی ملک آصف کے درمیان جائیداد کا تنازعہ تھا اور گھر آکر مقدمہ واپس کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔
اٹک میں پی پی پی کے سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک شاہان کی نماز جنازہ ادا کی گئی، نماز جنازہ میں ممبر قومی اسمبلی میجر طاہر صادق، معاون خصوصی ملک امین اسلم، پیپلزپارٹی کے رہنمازمردخان، ایم پی اے سردار افتخار نے شرکت کی ، بعد ازاں ملک شاہان کو والد ملک حاکمین کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا