منگل, مارچ 25, 2025
اشتہار

پی آئی اے آڈٹ رپورٹ میں طیاروں کی گراؤنڈنگ سے متعلق سنسنی خیز انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پی آئی اے کی آڈٹ رپورٹ میں طیاروں کی گراؤنڈنگ سے متعلق سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے، طیاروں کی 19 دن کی گراؤنڈنگ کئی برس پر محیط ہو گئی، جس سے قومی ایئر لائن کو اربوں روپے کا بڑا نقصان اٹھانا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی آڈٹ رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ قومی ایئر لائن کے اربوں روپے خسارے میں جہازوں کے گراؤنڈ ہونے کا اہم کردار ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جہازوں کی طویل گراؤنڈنگ سے قومی ایئرلائن کو 38 ارب 40 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، یہ جہاز عارضی گراؤنڈنگ اور شیڈول مینٹیننس کی وجہ سے گراؤنڈ کیے گئے تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ نے عارضی گراؤنڈنگ اور شیڈول مینٹیننس کے لیے 19 سے 28 دن وقت مختص کیا ہے، تاہم انتظامیہ کی سست روی کے نتیجے میں طیاروں کی 905 دن تک طویل گراؤنڈنگ ہوئی۔

پی آئی اے کے اپنے دو 777 جہازوں کے لیے 26 اور 32 دن کا وقت مقرر کیا گیا، لیکن ایک جہاز کے مینٹیننس میں 520 دن لگے، جب کہ دوسرے 777 جہاز کے مینٹیننس میں 250 دن لگے، لیز پر موجود ایک جہاز کی مرمت میں 905 دن جب کہ دوسرے میں 540 دن لگے۔

 

آڈٹ رپورٹ کے مطابق اے ٹی آر کے لیے بھی 24 دن کا وقت مختص کیا گیا تھا لیکن اس پر 905 دن لگے، طویل گراؤنڈنگ کے نتیجے میں پی آئی اے کو نقصان اٹھانا پڑا، ذرائع کے مطابق 16 جنوری کو DAC میٹنگ میں بھی بے اس ضابطگی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

اس رپورٹ کو حتمی شکل دینے تک انتظامیہ کی جانب سے کوئی ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا، رپورٹ سے متعلق ترجمان پی آئی اے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن رابطہ نہیں ہو سکا۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں