اسلام آباد: وزارت صحت نے کفایت شعاری مہم پر عملدر آمد کرتے ہوئے صبح 10 بجے سے پہلے اے سی کے استعمال اور مہمانوں کی تواضع کے لیے غیر ضروری خرچ پر پابندی عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت نے کفایت شعاری مہم پر عملدر آمد کا آغاز کرتے ہوئے کفایت شعاری سے متعلق ہدایت جاری کردیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت صحت میں صبح 10 بجے سے پہلے اے سی کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ہدایات کے مطابق وزیر صحت عامر کیانی نے دن کےاوقات میں غیر ضروری لائٹس جلانے سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسران بجلی کا غیر ضروری استعمال روک کر بچت کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر صحت نے مہمانوں کی تواضع کے لیے غیر ضروری خرچ پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ وزیر صحت نے ہدایت کی ہے کہ اجلاسوں، کانفرنسز میں صرف چائے پیش کی جائے گی۔
عامر کیانی نے وزارت کے لیے کسی بھی خریداری کو پیشگی اجازت سے مشروط کردیا ہے اور کہا ہے کہ وزارت کے لیے کسی بھی بڑی خریداری سے پہلے پیشگی اجازت لی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت کے افسران و عملے کو کفایت شعاری پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔