کرکٹ آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ کے دوران تماشائیوں کی جانب سے بھارتی کھلاڑیوں کو نسلی تعصب کا نشانہ بنانے پر معذرت کر لی۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارتی کھلاڑیوں پر تماشائیوں کی جانب سے نسلی تعصب کے جملے کسے گئے۔
چار بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے نسلی تعصب کا شکار ہونے کی شکایت کی گئی، نسلی تعصب کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں میں فاسٹ بولر محمد سراج بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی کپتان اجنکیا رہانے سمیت دیگر تجربہ کار کھلاڑیوں نے بھی تیسرے روز کھیل کے اختتام پر عہدیدار اور سیکیورٹی سے بات کی اور بتایا کہ فائن لیگ پر فیلڈنگ کرنے والے فاسٹ بولر محمد سراج پر نسلی تعصب کے جملے کسے گئے.
فاسٹ بولر جسپریت بمرا کو بھی میچ کے دوران بھارتی کوچنگ اسٹاف سے بات کرتے ہوئے دیکھا گیا جب وہ آؤٹ فیلڈ میں کھڑے تھے جبکہ رہانے نے فیلڈ امپائر پال ولسن اور پال ریفل کو اس وقت بدسلوکی سے آگاہ کیا۔
شکایات پر کرکٹ آسٹریلیا نے مہمان کھلاڑیوں سے معذرت کرتے ہوئے الزامات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ہیڈ آف انٹیگریٹی اینڈ سیکیورٹی شان کیرول نے ایک بیان میں کہا کہ”یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ دو دوستانہ حریفوں کے مابین زبردست جذبے کے ساتھ مقابلہ ہوا، ایک عمدہ ٹیسٹ میچ دیکھنے کو ملا لیکن کچھ تمائشیوں کے عمل نے زبردست کھیل کو داغدار کر دیا ۔”
انہوں نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا مہمان کھلاڑیوں سے ہونے والے سلوک پر معذرت کرتا ہے اور نیوساؤتھ ویلز پولیس کے ساتھ ساتھ اپنے طور پر بھی الزامات کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔