برسبین: آسٹریلیا نے دوسرے ٹی 20 میچ میں سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق برسبین میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 میچ میں سری لنکن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 117 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، جواب میں آسٹریلوی بلے بازوں نے ہدف 13 اوورز میں حاصل کرلیا۔
اوپنر ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کرکے 118 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ڈیوڈ وارنر نے 9 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اسٹیو اسمتھ 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
مزید پڑھیں: سری لنکن بولر کا ٹی 20 میں نیا عالمی ریکارڈ
سری لنکا کی جانب سے آسٹریلیا کی واحد وکٹ ایرون فنچ کی لیستھ ملنگا نے حاصل کی، آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
ٹی ٹوینٹی اسکواڈ میں واپسی کرنے والے آسٹریلوی اوپنر لگاتار دوسرے میچ میں بھی مین آف دی میچ قرار پائے۔
سری لنکا کی جانب سے پریرا 27 رنز بنا کر نمایاں رہے، اوپنر گناتھلاکا نے 21 رنز بنائے، سری لنکن ٹیم کے پانچ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے اسٹین لیک، پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کا آغاز 3 نومبر سے ہوگا، قومی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔