کینبرا: آسٹریلیا میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حکمران اتحاد کو شکست، اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی نے میدان مارلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسٹریلیا میں نو سال بعد لبرل پارٹی کا اقتدار ختم ہوگیا ہے، آسٹریلیا کی 151 رکنی پارلیمنٹ میں لیبر پارٹی نے 72 نشستیں حاصل کرلی ہیں، جبکہ لبرل پارٹی، نیشنل پارٹی اور لبرل نیشنل پارٹی پر مشتمل حکمران اتحاد صرف 54 نشستیں حاصل کرسکا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ لیبر پارٹی کو حکومت سازی کے لیے 76 نشستیں درکار ہیں، جس کیلئے دیگر جماعتوں سے اتحاد کرنا ہوگا، لیبر پارٹی کا گرین پارٹی یا آزاد اراکین سے اتحاد ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے شکست تسلیم کرلی اور کہا ہے کہ ووٹوں کی گنتی ابھی جاری ہے، تاہم لیبر پارٹی جیتتی نظر آرہی ہے۔
اسکاٹ موریسن نے لیبر لیڈر انتھونی البانیز کو مبارک باد دی۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھی الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔