میلبرن: آسٹریلیا میں کرسمس کے موقع پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ہونے کے بعد آسٹریلوی حکومت نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا جبکہ پولیس نے دہشت گردی کے الزام میں 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی پولیس نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ سے قبل دہشت گردی کی مبینہ کوشش ناکام ہونے کے بعد حکومت نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی مزید سخت کردی۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ کرسمس کے موقع پر میلبورن میں دہشت گردی کا بڑا حملہ ناکام بناتے ہوئے 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
پڑھیں: ’’ محمد عامر باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لئے فٹ قرار ‘‘
اس ضمن میں آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم میچ کے بطریق احسن انداز میں انعقاد پر وکٹوریہ پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیز کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، پاکستان کے میچ سمیت دیگر مقابلوں کا پرامن انعقاد ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’کھلاڑیوں، شائقین اور میچ آفیشلز کی سیکیورٹی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا، یاد رہے پاکستانی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے پریکٹس کا آغاز کردیا ہے‘‘۔
مزید پڑھیں: ’’ برسبین ٹیسٹ: آسٹریلیانےپاکستان کو39رنز سےشکست دےدی ‘‘
قومی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز معمول کے مطابق پریکٹس کی اور بعد میں مقامی بچوں کے ساتھ فیملی ڈے میں شریک ہوئے، کرسمس کے حوالے سے ہونے والی تقریب میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے مداحوں کو آٹو گراف بھی دیے۔
وکٹوریہ پولیس کے کمشنر نے کہا کہ ’’کرسمس اور باکسنگ ڈے کے موقع پر سیکیورٹی کے اقدامات کیے جائیں گے، ہم نے 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق آسٹریلیا سے ہے‘‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’’ آئی سی سی رینکنگ: اسد شفیق کو برسبین ٹیسٹ کی اننگز کا صلہ مل گیا ‘‘
خیال رہے مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں ہونے والے حملے کے بعد غیر ملکی ٹیموں نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا ہے تاہم پاکستان کے عالمی ٹیموں سے ساتھ مقابلے دبئی میں منعقد کیے جاتے ہیں۔