آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 کرکٹ انٹرنیشنل میں نا قابل فراموش ریکارڈ بنا ڈالے اور میچ میں شاندار فتح حاصل کی۔
آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے دورہ اسکاٹ لینڈ میں میزبان ٹیم کی درگت بنا ڈالی اور میچ میں فتح کے ساتھ نئے اور نا قابل فراموش ریکارڈز بنا لیے۔
ایڈن برگ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم نے پاور پلے میں 113 رنز بنائے اور اس کے بعد 150 سے زائد رنز کا ہدف 10 اوورز سے قبل حاصل کر لیا اور یہ دو ریکارڈ آج تک کوئی بھی ٹیم نہ بنا سکی۔
آسٹریلیا اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان اسکاٹش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔
آسٹریلیا نے یہ ہدف با آسانی تین وکٹوں کے نقصان پر 9.4 اوورز میں حاصل کر کے سات وکٹوں سے کامیابی اور سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
آسٹریلیا کو ہدف کے تعاقب میں بغیر کوئی رن بنائے پہلا نقصان برداشت کرنا پڑا جب جیک فراسٹر آؤٹ ہوئے تاہم ٹریوس ہیڈ نے 25 گیندوں پر 80 رنز کی ریکارڈ ساز دھواں دھار اننگ کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔
ٹریوس ہیڈ کی اننگ 5 چھکوں اور 12 چوکوں سے سجی ہوئی تھی۔ انہوں نے 17 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ یہ ریکارڈ ساز اننگ کھیلنے پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
مچل مارش نے 12 گیندوں پر 3 چھکے اور 5 چوکوں سے 39 رنز بنائے۔