کینبرا: آسٹریلیا نے بھارت سے اپنے شہریوں کی واپسی پر سخت ترین پابندی عائد کر دی ہے، پہلی بار وطن واپسی کو جرم قرار دے دیا گیا ہے، پابندی کا آغاز کل 3 مئی سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے بھارت میں موجود اپنے شہریوں کی وطن واپسی کو جرم قرار دے دیا ہے، کل سے بھارت سے وطن واپس آنے والے کئی برس قید اور بھاری جرمانے کا سامنا کریں گے۔
آسٹریلیا نے کہا ہے کہ بھارت میں موجود آسٹریلوی شہری وطن واپس آئے تو 5 سال قید میں کاٹنے پڑیں گے اور 80 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ اس فیصلے کی وجہ سے آئی پی ایل کھیلنے والے آسٹریلوی کرکٹرز بھی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
یہ عارضی ہنگامی فیصلہ جمعہ کے روز رات گئے جاری ہوا، یہ پہلا موقع ہے جب آسٹریلیا نے اپنے شہریوں کی وطن واپسی کو ایک جرم قرار دیا ہے۔
آسٹریلوی وزیر صحت گریگ ہنٹ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ قرنطینہ میں موجود لوگوں کے تناسب کی بنیاد پر کیا گیا ہے جنھیں بھارت میں کرونا انفیکشن لاحق ہوا تھا اور وہ واپس آئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 ہزار آسٹریلوی شہری بھارت میں موجود ہیں جن میں سے 600 خطرے سے دوچار ہیں، وزارت صحت کا کہنا تھا کہ نئے فیصلے پر 15 مئی کو نظر ثانی کی جائے گی۔ خیال رہے کہ آسٹریلوی حکومت نے رواں ہفتے کے آغاز پر بھارت سے تمام پروازیں بھی معطل کر دی تھیں۔