کینبرا : آسٹریلیا نے مشرق وسطی کے ممالک کو بھیڑوں کی برآمد پر عائد پابندی ختم کردی ، حکام کا کہنا ہے کہ ساٹھ ہزار بھیڑیں مشرق وسطی کے مختلف ملکوں کے لیے آج روانہ کر دی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی حکومت نے مشرق وسطی کے ممالک کو بھیڑوں کی برآمد پر عائد پابندی ختم کر دی ہے، حکام نے بتایا کہ ساٹھ ہزار بھیڑیں مشرق وسطی کے مختلف ملکوں کے لیے منگل چوبیس ستمبر کو روانہ کر دی جائیں گی۔ بھیڑوں سے لدے بحری جہاز کی پہلی منزل کویت ہے۔
اس مرتبہ مال بردار جہازوں پر مویشیوں کی دیکھ بھال کے مشاہدے کے لئے آزاد آبزرور بھی ساتھ ہوں گے، جن کو حکومت کی جانب سے قصور واروں کو جرمانے کرنے اور جیل بھجوانے تک کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔
یہ پابندی گزشتہ برس اس وقت عائد کی گئی تھی جب ایک بحری جہاز پر لدی بھیڑیں گرمی کی وجہ سے ہلاک ہو گئی تھی۔
اس واقعے کی خبریں سامنے آنے کے بعد آسٹریلوی حکومت نے بھیڑوں کی افزائش کے معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی تھی اور نظرثانی کے عمل کی تکمیل تک بھیڑوں کی برآمد پر عارضی پابندی بھی عائد کر دی تھی۔
بعد ازاں آسڑیلین حکومت نے بھیڑوں کے برآمد کے تمام نظام میں اصلاحات اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لئے جون تا ستمبر 2019 کے دوران اِن کی برآمد پر پابندی عائد کر دی تھی۔
خیال رہے زندہ بھیڑوں، بکریوں اور مویشیوں کی برآمد سے آسڑیلوی معشیت میں ہر سال 1.35 بلین ڈالر جمع ہوتے ہیں۔